اسلام آباد: گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گرفتار ملزم سعد عباسی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے شناختی پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ عدالت نے شناختی پریڈ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
تحقیقات کے دوران ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ فوٹیج میں اسے فیض آباد بس اڈے سے لاہور روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک اور ویڈیو میں ملزم ایک خاتون کے ساتھ موٹرسائیکل پر جاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ تفتیشی حکام فوٹیجز اور دیگر شواہد کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک خاتون کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا فرض شناسی، جرات اور اعلیٰ انسانی اقدار کی مثال ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم گروپ کیپٹن شہید عاصم طارق کی قربانی کو ہمیشہ عزت اور احترام کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔