مریم نواز کا “اپنا کھیت اپنا روزگار” منصوبہ، قرعہ اندازی کے بعد زرعی زمین کی الاٹمنٹ کا عمل شروع

05:04 PM, 6 Jul, 2026

لاہور:لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت “اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم کی قرعہ اندازی کا عمل مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد کامیاب درخواست گزاروں میں زمین کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے ایک شہری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اسے کامیابی پر مبارکباد دی۔

اسکیم کے تحت منتخب افراد کو 20 سال کے لیے 4 ایکڑ زرعی زمین کاشت کے لیے فراہم کی جائے گی، جبکہ حکومت کی جانب سے کاشت کے اخراجات کے لیے 2 لاکھ روپے تک مالی امداد بھی دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے لیے ہزاروں کی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے شفاف اور میرٹ پر مبنی قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق افراد کا انتخاب کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد دیہی معیشت کو مضبوط کرنا اور نوجوانوں کو زرعی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مزید زرعی زمین کی نشاندہی کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزیدخبریں