اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری کل چار روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان روانہ ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ کرغز صدر کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 21 برس میں یہ کسی پاکستانی صدر کا کرغزستان کا پہلا دورہ ہوگا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم پیشرفت سمجھا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران صدر مملکت کی کرغز ہم منصب سے ون آن ون ملاقات ہوگی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے جن میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی۔