اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے یوم عاشور کے موقع پر کہا ہے کہ دو ماہ قبل مقبوضہ کشمیر میں اسلام دشمن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے چمچوں کو پاکستان کی طرف سے زبردست شکست ہوئی جس سے ان کا غرور خاک میں مل گیا اور ان کا “سندور اجڑ گیا”۔
سیالکوٹ میں عاشورہ کے جلوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی سطح پر جب حق و باطل کی طاقتیں آمنے سامنے آتی ہیں تو امام حسینؓ نے اسلام کی حفاظت کے لیے اپنے خاندان کی عظیم قربانی دی تھی۔ انہوں نے موجودہ حالات میں بھی غزہ کو کربلا کی شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج بھی مسلمانوں کے خلاف ظلم جاری ہے اور عالم اسلام خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں یوم عاشور پر لگائی گئی پابندیاں بھارت کی اسلام دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی میں محرم ہمیشہ عزت و احترام سے منایا جاتا رہا ہے لیکن اس بار سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
خواجہ آصف نے عالمی مسلم حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی مشکلات اور ان کی قربانیوں پر خاموشی اختیار کرنا کسی بھی مسلمان ملک کے لیے باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر مسلم ممالک کو چاہئے کہ وہ اسلام کی حفاظت کے لیے متحد ہوں اور مظلوم مسلمانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں۔
انہوں نے اختتامیہ کلمات میں کہا کہ یہ حالات ہمیشہ کے لیے نہیں رہیں گے اور اللہ اور اس کے رسول کے دین کی حاکمیت قائم رہے گی۔