بھارتی فوج کو "آپریشن سندور" میں بھاری نقصان، ہلاکتیں چھپانے کے بعد اب شہداء کو اعزازات دینے کا فیصلہ

01:33 PM, 6 Jul, 2025

اسلام آباد : بھارت میں "آپریشن سندور" کے دوران ہونے والے فوجی نقصانات کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ بھارتی حکومت نے پہلے ان ہلاکتوں کو چھپانے کی پوری کوشش کی، لیکن اب اندرونی دباؤ اور حقائق کے سامنے آنے پر ان اہلکاروں کو اعزازات دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے جو اس کارروائی میں مارے گئے تھے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کو لائن آف کنٹرول سمیت مختلف محاذوں پر شدید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ صرف ایک اندازے کے مطابق 250 سے زائد بھارتی فوجی مارے گئے، جن میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹس، ایس-400 دفاعی نظام کے آپریٹرز، اور مختلف بریگیڈز کے سپاہی شامل ہیں۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بھارتی حکومت نے ابتدا میں نہ صرف ان نقصانات کو تسلیم کرنے سے انکار کیا، بلکہ شہداء کے اہلِ خانہ پر بھی دباؤ ڈالا گیا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کی تصاویر یا معلومات شیئر نہ کریں۔

اب، جب کہ یہ حقائق سامنے آ چکے ہیں، بھارت انہی مارے گئے فوجیوں کو اعزازات دے کر ایک طرح سے اعترافِ شکست کو اعزاز کی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی ہر پروفیشنل فوج اپنے شہداء کو فخر سے یاد کرتی ہے، لیکن بھارت نے ان کی قربانیوں کو چھپانا ترجیح دی، جو ایک غیر پیشہ ورانہ رویہ ہے۔

بین الاقوامی رپورٹس بھی اس بات کی تصدیق کر چکی ہیں کہ پاکستان کی کامیاب کارروائیوں کے بعد بھارت کو جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا، اور بعض بھارتی جنرلز اور حکام نے ان نقصانات کو نجی سطح پر تسلیم بھی کیا ہے۔

مزیدخبریں