مون سون کی تیز بارشوں سے نشیبی علاقے زیرِ آب، نظامِ زندگی متاثر

10:35 AM, 6 Jul, 2025

اسلام آباد : ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے کئی دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ سڑکیں، گلیاں اور کئی گھروں کے اندر تک پانی بھر گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش نے کئی علاقوں کو متاثر کیا، جہاں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

جڑواں شہروں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی — کٹاریاں کے مقام پر پانی 15 فٹ تک جا پہنچا۔ صورتحال کے پیشِ نظر نالے کے کنارے اور قریبی علاقوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں مشینری سمیت تعینات کر دی گئی ہیں۔

بارش کے ساتھ چلنے والی آندھی نے بھی مسائل بڑھا دیے۔ کئی علاقوں میں بجلی بند ہو گئی کیونکہ متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے لوگوں کو گرمی اور اندھیرے میں وقت گزارنا پڑ رہا ہے۔

کہوٹہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بارش کے باعث ایک کچے مکان کی چھت گر گئی۔ حادثے میں ایک بچہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

آزاد کشمیر، مری، گلیات اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگ پانی کی صورتحال پر نظر رکھیں۔

مزیدخبریں