نیویارک:پاکستان نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عثمان جدون نے خبردار کیا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات کے نتائج طویل مدت تک خطے اور عالمی امن کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کی سرحدی سالمیت اور سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے۔ پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ موجودہ کشیدہ صورتحال میں فوجی کارروائی کے بجائے سفارتکاری اور مکالمے کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وینزویلا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری سفارتی کوششیں تیز کی جائیں تاکہ بحران کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے۔