دبئی: ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنا لی ہے۔
قومی ٹیم نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف مقابلہ جیتا بلکہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کر دی۔
اس کامیابی کے نتیجے میں پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں آخری نمبر سے نکل کر آٹھویں پوزیشن پر آ گیا ہے، جبکہ ٹیم کا پوائنٹس پرسنٹیج 22.22 فیصد ہو گیا ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز 20.83 فیصد کے ساتھ سب سے نچلی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔
پاکستان نے چیمپئن شپ کے موجودہ مرحلے میں اپنے سفر کا آغاز ناکامی سے کیا تھا، تاہم ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ یہ گرین شرٹس کی اس ایونٹ میں دوسری فتح ہے۔
قومی ٹیم اس سے قبل موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 87.50 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ جنوبی افریقا 75 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ، بنگلادیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسرے سے ساتویں نمبر تک موجود ہیں۔