لاہور:لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ راولپنڈی میں مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ کئی دکانوں اور رہائشی گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب لاہور، سرگودھا، فیروزوالا، فتح جنگ اور صوابی میں بھی بادل خوب برسے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
ادھر چترال میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ سیلابی پانی کی زد میں آ کر مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکیں، زرعی اراضی اور دیگر املاک متاثر ہوئیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔