"میری شناخت کا غلط استعمال بند کریں"، مرونل ٹھاکر کی ڈیپ فیک مواد پر تنبیہ

01:41 PM, 6 Aug, 2026

ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ مرونل ٹھاکر نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کی جانے والی جعلی ویڈیوز اور تصاویر کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کی شناخت کو غیر مجاز طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، ورنہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اپنے ڈیپ فیک مواد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کسی کی شناخت کو مسخ کرنے یا گمراہ کن مواد تیار کرنے کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔

مرونل ٹھاکر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے واضح پیغام دیا کہ جو افراد ان کی تصاویر، ویڈیوز یا نام کو اے آئی کی مدد سے جعلی مواد بنانے یا اسے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کرنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، وہ فوری طور پر یہ سرگرمیاں بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کی وارننگ کو نظر انداز کیا گیا تو وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی اقدامات اٹھانے سے دریغ نہیں کریں گی۔

رپورٹس کے مطابق ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال نے عالمی شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کے لیے ایک نیا چیلنج پیدا کر دیا ہے۔ اسی باعث کئی اداکار اور دیگر معروف شخصیات اپنی شناخت، نجی زندگی اور ساکھ کے تحفظ کے لیے مؤثر قوانین اور سخت ضوابط متعارف کرانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں