جدہ میں قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی نقاب کشائی، آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں شامل

01:28 PM, 6 Aug, 2026

جدہ : پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اسکانکم کرکٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے قائدِ اعظم آزادی کپ 2026 کی ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب جدہ میں منعقد ہوئی، جہاں پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیات، سپانسرز، ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان انجینئر عبدالمتین اور انجینئر سید جعفر نے بتایا کہ دو روزہ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ایونٹ کو منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

منتظمین کے مطابق قائدِ اعظم آزادی کپ کے تمام مقابلے 6 اور 7 اگست کو جدہ نیٹس گراؤنڈ میں شام کے اوقات میں کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان قونصلیٹ کی نمائندہ ٹیم سروسز ونرز ویلفیئر قونصل عاقب کی قیادت میں شریک ہوگی، جبکہ اسکان فالکن، کرم البلد، کبابش کنگز، سمارٹ زون، اعتماد قلندر، حافظ سپر کنگز اور المقیت واریئرز بھی میدان میں اتریں گی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پریس قونصل چوہدری عرفان نے اسکانکم انتظامیہ کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر اس ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں نہ صرف صحت مند تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں میں اتحاد، بھائی چارے اور قومی جذبے کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

دیگر مقررین نے ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بار ایونٹ کو مزید بہتر انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

منتظمین کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد یومِ آزادی کو کھیلوں کے ذریعے منانا، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا اور جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔

اعلان کیا گیا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 14 اگست کو یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں قائدِ اعظم آزادی کپ کی ٹرافی پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی گئی کہ وہ بڑی تعداد میں گراؤنڈ کا رخ کر کے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرے اور جشنِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور حصہ لے۔

تقریب میں چوہدری محمد اکرم نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کپ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ تقریب کی نظامت شاہین آفریدی اور انجینئر سید جعفر نے انجام دی، جبکہ کبابش پنک کلب کی خواتین نے بھی شرکت کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے اپنے تعاون کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں