گوگل کا نیا اے آئی ماڈل Genie 3 لانچ، ورچوئل دنیا میں نیا سنگِ میل قائم

06:18 PM, 6 Aug, 2025

کیلیفورنیا: گوگل کی تحقیقی کمپنی ڈیپ مائنڈ نے مصنوعی ذہانت پر مبنی اپنا نیا ماڈل "Genie 3" متعارف کرا دیا ہے، جو صارفین کو ایسی تھری ڈی (3D) ورچوئل دنیاؤں میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جہاں وہ حقیقی وقت میں AI ایجنٹس کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق Genie 3، ورلڈ ماڈلز کی کیٹیگری میں ایک جدید قدم ہے جو مجازی ماحول نہ صرف خود تخلیق کرتا ہے بلکہ اس میں صارف کی موجودگی کو حقیقی اور یادگار تجربہ بنانے کے لیے بصری یادداشت (Visual Memory) اور پرامپٹ پر مبنی تبدیلیوں جیسی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔


Genie 3 کے ذریعے صارفین صرف ایک پرامپٹ دینے پر ایسی ڈیجیٹل دنیا تشکیل دے سکتے ہیں جس میں وہ منٹوں تک گھوم پھر سکتے ہیں۔ پہلے کے برعکس، اب یہ دنیا صرف چند سیکنڈ کی نہیں بلکہ ایک مکمل "تجرباتی ماحول" بن چکی ہے۔

ماڈل میں بصری یادداشت کے ذریعے اب اگر صارف کسی منظر سے نگاہ ہٹا لے اور دوبارہ دیکھے تو دیوار پر لکھی عبارت یا کوئی منظر اپنی جگہ پر موجود رہے گا۔ اس سے قبل، Genie 2 میں یہ سہولت دستیاب نہیں تھی۔


نیا ماڈل 720p ریزولوشن اور 24 فریم فی سیکنڈ کی شرح سے کام کرتا ہے، جس کی بدولت گرافکس اور حرکت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ صارف "Promptable World Events" کے ذریعے موسمی حالات بدلنے، نئے کردار شامل کرنے یا دیگر ڈیجیٹل واقعات کا آغاز بھی کر سکتا ہے۔


دسمبر 2024 میں لانچ کیے گئے Genie 2 کی سب سے بڑی کمزوری یہی تھی کہ وہ صرف 10 سے 20 سیکنڈ تک کا تعامل فراہم کرتا تھا۔ Genie 3 نے اس خامی کو دور کر کے صارفین کو زیادہ دیر تک ورچوئل ماحول سے جُڑے رہنے کی سہولت فراہم کی ہے۔


گوگل نے Genie منصوبے کو وسعت دینے کے لیے ایک نئی ٹیم تشکیل دی ہے، جس کی قیادت OpenAI کے Sora ویڈیو ٹول کے سابق سینئر رہنما کر رہے ہیں۔ ماہرین Genie 3 کو AI انڈسٹری میں ایک اہم موڑ قرار دے رہے ہیں، جس سے نہ صرف گیمنگ بلکہ تعلیم، تربیت اور روبوٹکس کے شعبے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

مزیدخبریں