ٹائٹن آبدوز حادثے کی تفصیلات سامنے آ گئیں، امریکی کوسٹ گارڈ کی تحقیقاتی رپورٹ جاری

10:27 AM, 6 Aug, 2025

کیلیفورنیا: امریکی کوسٹ گارڈ نے دو سالہ تحقیق کے بعد ٹائٹن آبدوز حادثے کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں حادثے کی بنیادی وجہ اوشین گیٹ کمپنی کی حفاظتی پروٹوکولز کی خلاف ورزی بتایاگیا ہے
18 جون 2023 کو پیش آنے والے اس حادثے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، جن میں دو پاکستانی بھی شامل تھے۔ ٹائٹن آبدوز سیاحتی مشن پر تھی جس کا مقصد 1912 میں ڈوبنے والے ٹائی ٹینک بحری جہاز کے ملبے کی جانچ کرنا تھا۔

کوسٹ گارڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اوشین گیٹ نے آبدوز کے گہرے سمندر میں جانے سے پہلے مرمت اور حفاظتی معائنہ مکمل نہیں کیا، جس کی وجہ سے حادثہ رونما ہوا۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی کے تحریری حفاظتی اقدامات اور عملی طریقہ کار میں واضح فرق پایا گیا۔

کوسٹ گارڈ میری ٹائم بورڈ کے چیئرمین جیسن نیوباؤر نے کہا ہے کہ نئی تکنالوجی اور تجربات کے لیے مضبوط نگرانی اور واضح ضوابط ضروری ہیں تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ کمپنی نے ماضی کے حادثات کے باوجود آبدوز کے استعمال کو جاری رکھا، جو کہ سمندری قواعد و ضوابط کے خلاف تھا۔

ادھر اوشین گیٹ کمپنی نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزیدخبریں