نصف بیوروکریسی نے پرتگال میں پراپرٹی خرید کر شہریت لینے کی تیاری شروع کر دی:خواجہ آصف کا بڑا انکشاف

08:45 AM, 6 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کی آدھی سے زائد بیوروکریسی نے پرتگال میں جائیدادیں خرید لی ہیں اور اب وہاں کی شہریت حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اعلیٰ بیوروکریٹس اربوں روپے کے مالی فوائد حاصل کر کے اب بیرون ملک سکون کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ایک قریبی بیوروکریٹ نے اپنی بیٹیوں کی شادی پر چار ارب روپے کی سلامی وصول کی، اور اب وہ آرام سے اپنی ریٹائرمنٹ گزار رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سیاستدانوں کے پاس نہ بیرون ملک جائیداد ہے اور نہ ہی شہریت کیونکہ انہیں الیکشن لڑنا پڑتا ہے، جب کہ بیوروکریسی ان تمام فوائد کی مالک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے احتساب کے عمل پر سوالات اٹھتے ہیں اور یہ ملک کی سلامتی اور وفاداری کے لیے خطرہ ہے۔

مزیدخبریں