گرانی کے طوفان کے سامنے الیکٹرک رکاوٹ: وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو 'ای وی' بیڑے کی چابیاں تھما دیں

04:50 PM, 6 Apr, 2026

اسلام آباد: پیٹرول کی قیمتوں سے پریشان عوام اور ملکی معیشت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے فیصلے کا آغاز کر دیا۔ اسلام آباد کی شاہراہوں پر اب پولیس کا گشت پیٹرول کے بجائے بجلی پر ہوگا۔کیپٹل ٹریفک پولیس کو ماحول دوست الیکٹرک گاڑیاں (EVs) فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے دو ٹوک الفاظ میں کہا  تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، اب وقت آگیا ہے کہ ہم درآمدی ایندھن پر انحصار ختم کرکے ٹیکنالوجی کا سہارا لیں۔ الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ محض فیشن نہیں بلکہ قومی زرمبادلہ بچانے کی ضرورت ہے۔
     وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے وزیراعظم کے ہمراہ گاڑیوں کا معائنہ کیا اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق قرار دیا۔تقریب میں بتایا گیا کہ ان گاڑیوں کے استعمال سے نہ صرف پیٹرول کا بھاری خرچہ بچے گا بلکہ مینٹیننس کے اخراجات میں بھی 70 فیصد تک کمی آئے گی۔ وفاقی دارالحکومت کو 'گرین سٹی' بنانے کے وژن کے تحت پولیس کے پورے ٹرانسپورٹ نظام کو مرحلہ وار بجلی پر منتقل کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔
وفاقی وزراء محسن نقوی اور عطا تارڑ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح ایسے منصوبے ہیں جن سے عام آدمی پر بوجھ کم ہو اور سرکاری مشینری کم سے کم خرچ پر بہترین کام کرے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں چارجنگ پوائنٹس کی تنصیب کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

مزیدخبریں