عالمی امن خطرے میں: ایران کا اقوامِ متحدہ سے ہنگامی رجوع، ٹرمپ کے بیانات کو 'وحشیانہ' قرار دے دیا

11:41 AM, 6 Apr, 2026

نیویارک : امریکہ اور ایران کے درمیان لفظی جنگ اب باقاعدہ عسکری تصادم کی دھمکیوں میں بدل چکی ہے، جس کے باعث دنیا ایک ہولناک تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو ملیا میٹ کرنے کی دھمکی پر ایرانی مشن نے اقوامِ متحدہ میں دہائی دیتے ہوئے اسے تاریخ کا بدترین 'جنگی جرم' قرار دیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں ایرانی مشن نے امریکی صدر کے لہجے کو غیر مہذب اور 'گالم گلوچ' پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی بات کرنا بین الاقوامی قوانین کا تمسخر اڑانا ہے۔ ایرانی اعلامیے میں کہا گیا کہ "اگر عالمی اداروں کا ضمیر زندہ ہے تو وہ ان وحشیانہ دھمکیوں پر خاموش کیوں ہیں؟" ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری کل کی دیر سے بچنے کے لیے آج ہی اپنا کردار ادا کرے۔
 صدر ٹرمپ کی جانب سے "پاور پلانٹ ڈے" کے اعلان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ امریکہ ایران کے معاشی ڈھانچے کو مفلوج کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس سے انسانی بحران جنم لے سکتا ہے۔ واشنگٹن میں آج رات 10 بجے ہونے والی پریس کانفرنس پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہیں۔ عسکری ماہرین کے مطابق ٹرمپ کا فوجی قیادت کے ساتھ بیٹھنا محض گیدڑ بھبکی نہیں بلکہ ایک طے شدہ فوجی پلان کا حصہ ہو سکتا ہے۔
اگر آج رات کی پریس کانفرنس میں کسی حملے کا باقاعدہ اعلان کیا جاتا ہے، تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں آسمان کو چھو سکتی ہیں اور آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش سے عالمی تجارت مفلوج ہونے کا خدشہ ہے۔

مزیدخبریں