اسلام آباد/کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک میں مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے کے داخل ہونے کے بعد بارشوں اور برفباری کا باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آج سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
لاہور، اسلام آباد اور وسطی پنجاب سمیت کراچی اور اندرونِ سندھ میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی کے شہریوں کو بھی طویل انتظار کے بعد بادل برسنے کی خوشخبری سنا دی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری کی وارننگ دی گئی ہے۔ مری، گلیات اور شمالی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
متوقع بارشوں کے پیشِ نظر تمام صوبائی حکومتوں نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ متعلقہ بلدیاتی اداروں اور PDMA کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے پائے۔ کراچی میں نالوں کی صفائی اور بجلی کے نظام کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ملک بھر میں بادلوں کی انٹری: موسلا دھار بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی، کراچی بھی لپیٹ میں
10:10 AM, 6 Apr, 2026