آج کا انسان ایک عجیب دوراہے پر کھڑا ہے۔ ایک طرف ترقی کی چکا چوند ہے، جہاں ٹیکنالوجی نے زندگی کو آسان بنا دیا ہے اور دوسری طرف وہی انسان اندر سے خالی ہوتا جا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہم جا کہاں رہے ہیں؟ ہر روز خبروں میں نئے مسائل جنم لیتے ہیں۔ کہیں مہنگائی کا طوفان ہے، کہیں بے روزگاری کا عذاب اور کہیں انصاف کی تلاش میں بھٹکتے لوگ۔ ہم یہ سب دیکھتے ہیں، سنتے ہیں اور پھر خاموشی سے اپنی زندگی میں مصروف ہو جاتے ہیں۔ کیا یہی ہماری ذمہ داری ہے؟ کیا ہم نے بطور معاشرہ اپنی حساسیت کھو دی ہے؟ ہم نے لفظوں کو بھی عجیب طریقے سے استعمال کرنا سیکھ لیا ہے۔ سچ کو مصلحت کے پردے میں چھپانا اور جھوٹ کو خوبصورت انداز میں پیش کرنا اب ایک ہنر بن چکا ہے۔ میڈیا ہو یا سوشل میڈیا، ہر جگہ الفاظ کی جنگ جاری ہے، مگر حقیقت کہیں پیچھے رہ جاتی ہے۔ ایسے میں سچ بولنا گویا ایک جرا¿ت کا کام بن گیا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ حالات خراب کیوں ہیں، سوال یہ ہے کہ ہم ان حالات میں اپنا کردار کیا ادا کر رہے ہیں۔ کیا ہم صرف تماشائی ہیں یا واقعی تبدیلی کا حصہ بننا چاہتے ہیں؟ کیونکہ خاموشی کبھی مسائل کا حل نہیں رہی، بلکہ اکثر یہ مسائل کو مزید گہرا کر دیتی ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم خود سے سوال کریں۔ اپنے اندر جھانکیں اور دیکھیں کہ کیا ہم نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے؟ کیونکہ معاشرے کی بہتری صرف حکومتوں یا اداروں سے نہیں، بلکہ ہر فرد کے عمل سے جڑی ہوتی ہے۔ ایک باشعور فرد ہی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ اگر ہم اپنے لفظوں میں سچائی اور اپنے عمل میں دیانت لے آئیں تو شاید حالات بھی بدلنے لگیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ بڑے انقلاب ہمیشہ چھوٹے قدموں سے ہی شروع ہوتے ہیں۔ بارش کا پہلا قطرہ ہی دریا کا پیش خیمہ بنتا ہے اور فردِ واحد کی سوچ میں تبدیلی ہی اجتماعی تبدیلی کی ابتدا ہوتی ہے۔ بارش کا پہلا قطرہ بے حد معمولی ہوتا ہے، مگر وہی قطرے مل کر دریا بنتے ہیں۔ جنگل میں آگ پہلی چنگاری سے لگتی ہے۔ کوئی بھی سماجی تبدیلی پہلے ایک فرد کے ذہن میں پیدا ہوتی ہے، پھر دوسرے تک پہنچتی ہے اور رفتہ رفتہ ایک تحریک کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ معاشرے کی اصلاح کا آغاز حکومتی ایوانوں سے نہیں، گلی محلوں سے ہوتا ہے اور گلی محلے کی تبدیلی کا آغاز فرد کے اندر سے ہوتا ہے۔ جب ہم خود کا احتساب کریں گے، جب ہم اپنی ذات میں سچائی اور دیانت کو اپنائیں گے، تو پھر شاید وہ نقطہ آئے گا جہاں یہ انفرادی شعور اجتماعی شعور میں بدل جائے گا۔
ہم کہاں کھڑے ہیں؟
09:06 AM, 6 Apr, 2026