راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 5 اور 6 اپریل کی رات، خوارج کے ایک گروپ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں سرحد عبور کرنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کی دراندازی ناکام بنائی، جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے بار بار افغان عبوری حکومت سے اپنی سرحدوں پر مؤثر نگرانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو امید ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کا صفایا کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، اور سکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔