اسلام آباد، 5 اپریل (اے پی پی): قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایت پر میانمار میں آنے والے حالیہ شدید زلزلے کے متاثرہ افراد کے لیے دوسرا امدادی طیارہ روانہ کر دیا ہے۔
یہ امدادی سامان 35 ٹن وزنی اشیائے ضروریہ پر مشتمل ہے، جو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے یانگون، میانمار روانہ کیا گیا۔ میانمار پہنچنے پر یہ امداد پاکستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی وہاں کی وزارت برائے سماجی بہبود و باز آبادکاری کے نمائندوں کے سپرد کریں گے۔
سامان میں خیمے، ترپالیں، گرم کمبل، پینے کے پانی کی صفائی کے آلات، ادویات اور تیار کھانے کے پیکٹ شامل ہیں، جو زلزلے سے متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے بھیجے گئے ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے پہلا امدادی جہاز بھی 35 ٹن سامان کے ساتھ روانہ کیا گیا تھا، جو پاکستان کے سفارتی مشن نے یانگون ریجن کے چیف منسٹر کے حوالے کیا تھا تاکہ متاثرہ افراد میں تقسیم کیا جا سکے۔
این ڈی ایم اے اور حکومتِ پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور میانمار کے عوام کے ساتھ مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔