ضروری اشیاء مہنگی، ٹماٹر اور آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ

09:34 PM, 5 Sep, 2025

کراچی: پاکستان ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں بنیادی ضروریات کی اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار 1.29 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 5.07 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے چار اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے کیلے کی قیمت میں 3.86 فیصد کمی، ڈیزل میں 0.91 فیصد، چینی میں 0.13 فیصد اور سرسوں کے تیل میں 0.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم، ٹماٹر کی قیمت میں 46.02 فیصد، آٹے میں 25.41 فیصد، پیاز میں 8.57 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول میں 2.62 فیصد اور لہسن میں 2.04 فیصد اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اگست کے مہینے میں مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو 2.99 فیصد رہی، جبکہ جولائی تا اگست مہنگائی کی اوسط شرح 3.53 فیصد رہی۔ اس دوران ٹماٹر کی قیمت میں 19.3 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 14.46 فیصد اضافہ ہوا۔ انڈے اور چکن کی قیمتیں بھی بالترتیب 12.84 فیصد اور 4.16 فیصد بڑھیں۔

اسی طرح صحت کی سہولیات، تعلیم، لانڈری اور ڈاکٹروں کی فیس میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی جہاں پھل 21.16 فیصد اور سبزیاں 18.48 فیصد سستی ہوئیں۔ چینی کی قیمت میں بھی 5.49 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر ایندھن، بجلی اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

یہ اعداد و شمار ملک میں مہنگائی کے اتار چڑھاؤ اور عوام کی روزمرہ زندگی پر اس کے اثرات کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں۔
 
 

مزیدخبریں