اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطینی صدر کے مذہبی مشیر محمود صدیقی الہباش اور مسجد اقصیٰ کے امام احمد حسین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں مقیم فلسطینی سفیر بھی شریک تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے فلسطینی صدر ڈاکٹر محمود عباس کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستانی قوم فلسطینی بھائیوں کے حق میں اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتا ہے جو وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی حقوق کے دفاع کا عزم ظاہر کیا اور غزہ کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
محمود صدیقی الہباش نے پاکستانی حکومت اور عوام کی ثابت قدمی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے آخر میں فلسطینی صدر کی جانب سے وزیراعظم کو ایک خط تحفے میں دیا گیا۔
یہ ملاقات اسلام آباد میں منعقدہ سیرت کانفرنس کے دوران ہوئی، جہاں محمود صدیقی الہباش فلسطینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔