وزارت آئی ٹی کا نیشنل سپر ایپ اور ویب پورٹل متعارف کرانے کا اعلان

04:09 PM, 5 Sep, 2025

 اسلام آباد:وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے شہریوں اور کاروباری افراد کو تمام سرکاری خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنے کے لیے ’’نیشنل سپر ایپ‘‘ اور ویب پورٹل متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اقدام ’’ڈیجیٹل پاکستان‘‘ منصوبے کے تحت ورلڈ بینک کے تعاون سے ’’ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ‘‘ کے ذریعے شروع کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد حکومتی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عام آدمی کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق، نیشنل سپر ایپ کو نادرا کے نیشنل ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جب کہ وفاقی اور صوبائی سطح کے مختلف سرکاری محکمے اس پلیٹ فارم کا حصہ ہوں گے۔ اس ایپ اور پورٹل کے ذریعے شہری لائسنس کی تجدید، ٹیکس کی ادائیگی، پرمٹ اور این او سی کے حصول سمیت متعدد سرکاری خدمات موبائل یا ویب پر 24 گھنٹے کسی بھی وقت حاصل کر سکیں گے۔

وزارت آئی ٹی کے مطابق، اس جدید پلیٹ فارم سے سرکاری اداروں کی شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آئے گی، جب کہ ڈیجیٹل ورک فلو اور خودکار نظام کی بدولت عوام اور حکومت دونوں کے وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔

سپر ایپ کو پاکستان ڈیجیٹل گورنمنٹ انٹرپرائز آرکیٹیکچر کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جس میں زیرو ٹرسٹ ماڈل، اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن، اور بایومیٹرک تصدیق جیسے سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو محفوظ اور قابلِ اعتماد رسائی فراہم کی جا سکے۔

وزارت کے مطابق، وقت کے ساتھ ساتھ اس پلیٹ فارم میں مزید سرکاری اور نجی خدمات، تھرڈ پارٹی فیچرز، سبسکرپشن ماڈلز اور ان ایپ اشتہارات بھی شامل کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت آئی ٹی اس منصوبے کے لیے ایک کنسلٹنسی فرم کی خدمات حاصل کر رہی ہے، جب کہ توقع کی جا رہی ہے کہ نیشنل سپر ایپ حکومت اور عوام کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کے نظام میں انقلابی بہتری لائے گی۔

مزیدخبریں