"نیتن یاہو دنیا کا سب سے بڑا ظالم ہے"،ترک صدر اردگان کا دوٹوک اعلان

02:53 PM, 5 Sep, 2025

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کے سب سے ظالم انسان ہیں، اور ترکیہ فلسطین پر ہونے والے مظالم پر کبھی خاموش نہیں رہے گا۔

انہوں نے یہ بات انقرہ میں عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں ان کا لہجہ جذباتی اور مؤقف بالکل واضح تھا۔ صدر اردگان نے کہا کہ غزہ، فلسطین، یمن، سوڈان اور افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے، اُس پر ترکیہ آنکھیں بند نہیں کر سکتا۔"ہمارا آدھا دل یہاں ہے، باقی آدھا اُن مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دھڑک رہا ہے جو ظلم سہہ رہے ہیں،" انہوں نے کہا۔

اردگان نے کہا کہ اسلامی دنیا کے زخم مسلسل تازہ ہیں، اور ہمیں ان کے درد کو اپنا درد سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے تمام مسلمانوں کو ایک جسم کی مانند قرار دیا، اور کہا کہ اگر ایک حصہ زخمی ہو تو پورا جسم تکلیف میں ہوتا ہے۔

صدر اردگان کا کہنا تھا کہ ہم ناامید نہیں اور نہ ہی ہوں گے۔ ہم ظلم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے، بلکہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیل کے حملوں میں معصوم شہری بڑی تعداد میں شہید ہو چکے ہیں، اور دنیا بھر میں اسرائیل کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں