آج لیجنڈ اداکار عابد علی کی چھٹی برسی منارہے ہیں

02:21 PM, 5 Sep, 2025

لاہور :آج ہم لیجنڈ اداکار عابد علی کی چھٹی برسی منارہے ہیں، جنہوں نے اپنے منفرد انداز اور بے مثال اداکاری سے دلوں میں خاص مقام بنایا۔ مارچ 1952 میں کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنی ابتدائی تعلیم بھی وہاں سے حاصل کی۔

انہوں نے اپنے فن کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے جُڑ کر "جھوک سیال" جیسے مقبول ڈراموں میں کام کیا۔ ان کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ امجد اسلام امجد کے لکھے ہوئے ڈرامہ "وارث" میں ان کا کردار تھا۔ اس کے علاوہ "پیاس"، "دوریاں"، "مہندی" اور "دیار دل" جیسے ڈرامے بھی ان کے فنی سفر کے سنگ میل ہیں۔

1993 میں انہوں نے ڈرامہ "دشت" کے ذریعے ہدایت کاری میں قدم رکھا۔ 70 سے 90 کی دہائی میں پی ٹی وی کے بے شمار مشہور ڈراموں میں انہوں نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور انہیں 1985 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

عابد علی نے اپنی زندگی میں دو شادیاں کیں۔ پہلی بیوی حمیرا علی تھیں جن سے ان کی تین بیٹیاں ایمان، راحمہ اور مریم ہیں، اور دوسری شادی اداکارہ رابعہ نورین سے 2006 میں ہوئی۔

کچھ عرصہ قبل جگر کے سرطان اور سانس کی بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد انہیں 30 اگست کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ 5 ستمبر کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ ان کی یادیں اور اداکاری ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی۔

مزیدخبریں