لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک فوری اور مکمل بحالی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں، فصلوں اور روزگار کی بحالی کے لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
وزیراعلیٰ کی صدارت میں ایک تفصیلی اجلاس ہوا جس میں مختلف محکموں کو کہا گیا کہ فوری طور پر کام شروع کریں، اور امدادی رقوم میں اضافہ کیا جائے تاکہ لوگوں کو فوری ریلیف ملے۔
مریم نواز نے سیلاب زدہ کاشتکاروں کے لیے الگ پروگرام بنانے کا حکم بھی دیا ہے، تاکہ وہ دوبارہ زمین پر کھیتی باڑی شروع کر سکیں۔
جن کے گھر مکمل تباہ ہو گئے ہیں، ان کے لیے ہر ضلع میں عارضی مارکیز (ٹینٹ سٹی) لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں صاف پانی، کھانا، اور الگ رہنے کی جگہیں دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے "اپنی چھت، اپنا گھر" کے نام سے اسکیم شروع کی جائے گی، جس کے تحت لوگوں کو نئے گھر بنانے میں مدد دی جائے گی۔ انہوں نے کہا،"جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں میں واپس نہیں آ جاتے، میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔"
انہوں نے کہا کہ بحالی پیکیج کے لیے جلد ڈیجیٹل سروے شروع کیا جائے گا تاکہ اصل متاثرہ لوگوں تک ہی امداد پہنچے۔ اس سارے عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دریاؤں اور نالوں کی گزرگاہوں سے تجاوزات ختم کریں اور انہیں ریڈ زون قرار دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پنجاب کے لیے ایک فلڈ ماسٹر پلان بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ ہر سال ہونے والے نقصان سے بچا جا سکے۔
آخر میں وزیراعلیٰ نے کہا:"جب لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہوں، تو ہم کیسے سکون سے بیٹھ سکتے ہیں؟ یہ میرا فرض ہے کہ ان کی امیدوں پر پورا اتروں۔"