گجرات: گجرات میں جاری بھاری بارشوں اور دریاوں کے پانی کی سطح میں اضافے کے باعث ممکنہ سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ کل جمعہ کو ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر گجرات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قدم طلباء اور اساتذہ کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اسکول، کالجز، دینی مدارس اور دیگر تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور نشیبی علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اہلکار چوکس ہیں۔ والدین سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے روکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ موسمی حالات کے مطابق آئندہ کے فیصلے کیے جائیں گے اور عوام کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
شہریوں سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے متاثر نہ ہوں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔