غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مصر میں اہم مذاکرات آج سے شروع ہوں گے

10:25 AM, 5 Oct, 2025

قاہرہ : غزہ میں جنگ کے خاتمے، یرغمالیوں کی رہائی اور امن قائم کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تجویز کردہ منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں آج سے مصر میں مذاکرات کا نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں مصر، ترکی، اسرائیل، امریکہ اور حماس کے نمائندے شریک ہوں گے۔ بات چیت کا مقام تاحال فائنل نہیں ہوا، لیکن امکان ہے کہ یہ ملاقاتیں شرم الشیخ میں ہوں گی۔

مصری سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے مذاکرات قطر کے بجائے مصر میں ہو رہے ہیں، تاکہ زیادہ بہتر ماحول میں بات چیت ہو سکے۔

ادھر اسرائیل نے بھی مذاکرات کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں، جن میں غزہ سے انخلا کے لیے منصوبہ بندی اور فلسطینی قیدیوں کی ممکنہ رہائی کے لیے فہرستوں پر کام شامل ہے۔

حماس کے ایک نمائندے نے بتایا کہ امریکی منصوبے کے کچھ حصے ابھی غیر واضح اور مبہم ہیں، جن پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔

ادھر ایک مصری سیکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے دی گئی 72 گھنٹے کی مدت میں توسیع بھی ممکن ہے، تاکہ فریقین مزید بات چیت کر سکیں۔

مزیدخبریں