حکومت کا نمبر گیم مکمل،27 ویں آئینی ترمیم  کی منظوری کے لیے سینیٹ میں مزید تین ووٹ درکار، جوڑ توڑجاری

07:50 PM, 5 Nov, 2025

اسلام آباد: 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے حکومت نے قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرلی، تاہم سینیٹ میں کامیابی کے لیے اسے مزید تین ووٹ درکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومت کو 237 ارکان کی حمایت حاصل ہے، جب کہ آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے 224 ووٹ درکار ہیں۔
حکومتی اتحاد میں مسلم لیگ (ن) کے 125، پیپلز پارٹی کے 74، ایم کیو ایم کے 22، مسلم لیگ (ق) کے 5 اور آئی پی پی کے 4 ارکان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضیا لیگ، نیشنل پارٹی، باپ پارٹی کے ایک ایک رکن اور چار آزاد اراکین بھی اتحاد کا حصہ ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 89 بتائی جاتی ہے، جس کے باعث ترمیم کی منظوری وہاں محض رسمی کارروائی سمجھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں حکومتی اتحاد کے 61 اور اپوزیشن کے 35 ارکان موجود ہیں۔ دو تہائی اکثریت کے لیے 64 ووٹ درکار ہونے کے باعث حکومت کو جے یو آئی (ف) یا اے این پی کے تین ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے لیے قومی اسمبلی میں ترمیم کی منظوری باآسانی ممکن ہے، تاہم سینیٹ میں کامیابی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ ناگزیر ہو گیا ہے۔

مزیدخبریں