بابا گورو نانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات کا آخری دن، ننکانہ صاحب میں تعطیل کا اعلان

11:31 AM, 5 Nov, 2025

ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات کا آج آخری روز ہے، اور اس موقع پر ننکانہ صاحب میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہے۔ آج مرکزی تقریب کے اختتام پر ایک بڑا نگر کیرتن جلوس نکالا جائے گا، جو گوردوارہ جنم استھان سے شروع ہو کر سات گوردواروں تک جائے گا اور پھر گوردوارہ کیارہ صاحب پر جا کر اختتام پذیر ہوگا۔

اس سال کی تقریبات میں دنیا بھر سے سکھ یاتری آئے ہیں، جن میں بھارت، برطانیہ، فرانس، کینیڈا، امریکہ سمیت کئی دوسرے ممالک کے افراد شامل ہیں۔ رات کو بھوگ کی رسم کے ساتھ تین روزہ مذہبی پروگرام کا اختتام کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ گوردوارہ جات اور جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، اور گوردواروں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سکینرز بھی لگائے گئے ہیں۔ عوام کی حفاظت کے لیے خار دار تاریں اور بیئرز لگا کر گوردواروں اور جلوس کے راستوں پر غیر متعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے۔

سکھ یاتری اپنے مقدس مقامات کی زیارت کر کے خوش ہیں اور حکومت پاکستان کے بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ بھارت سے 2100 سکھ یاتری اس مذہبی دورے کے لیے آئے ہیں، جو 13 نومبر کو واپس روانہ ہوں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکھ کمیونٹی کو بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بابا گورو نانک نے انسانوں کو محبت، بھائی چارہ اور امن کا پیغام دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابا گورو نانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے بہترین نمونہ تھے۔

محسن نقوی نے کرتارپور راہداری کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی طرف سے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کا عالمی سطح پر ایک روشن نمونہ ہے، اور پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں