وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بابا گورو نانک کے جنم دن پر سکھ برادری کے لیے پیغام

12:31 PM, 5 Nov, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کے موقع پر دنیا بھر سے پنجاب آنے والی سکھ برادری کو ’’جی آیاں نوں‘‘ کہہ کر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے سکھ کمیونٹی کو بابا گورو نانک کے جنم دن کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ بابا گورو نانک انسانیت، محبت اور بھائی چارے کے علمبردار تھے، اور ان کی تعلیمات پُرامن معاشرے کی تشکیل، رواداری اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے کی اہمیت پر مبنی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب میں ہر شہری کو مساوی حقوق اور سہولتیں دینے کے اصول پر عمل پیرا ہیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ ہمارا مقصد پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں امن، آشتی اور رواداری کی مثال قائم ہو، جیسا کہ بابا گورو نانک نے اپنی تعلیمات میں ہمیں سکھایا۔

مریم نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال کرتارپور میں بیساکھی میلے میں شرکت ایک یادگار لمحہ تھا، اور اس سال بھی سکھ برادری کو بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ گوردواروں کی دیکھ بھال، ان کی تزئین و آرائش اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ سکھ یاتریوں کو مکمل تحفظ مل سکے۔

مزیدخبریں