کینٹکی: امریکی ریاست کینٹکی میں لوئی ول ایئرپورٹ کے قریب ایک کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 7 افراد کی ہلاکت اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ طیارہ لوئی ول ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے بعد ہونولولو شہر کے ایک ایئرپورٹ کی طرف جا رہا تھا، لیکن اس دوران یہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ گرنے کے بعد کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
لوئی ول کے میئر نے بتایا کہ حادثے کے وقت طیارے میں 2 لاکھ 80 ہزار گیلن ایندھن موجود تھا، جس کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔ ویڈیوز میں دکھائی دے رہا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد بڑی آگ بھڑک اُٹھی اور اس کا دھواں کئی کلومیٹر تک نظر آیا۔
حادثے کے بعد ایئرپورٹ سے تمام پروازیں معطل کر دی گئیں، اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ابھی تک حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا ہے، تاہم امریکی نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔