واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگوں کو رکوانے میں کردار ادا کیا ہے، جن میں پاک بھارت کشیدگی بھی شامل ہے۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی خارجہ پالیسی اور عالمی معاملات پر مؤقف دہراتے ہوئے مختلف دعوے کیے۔
انہوں نے ایران سے متعلق سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے مطابق ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف اقدامات کے بعد صورتحال تبدیل ہوئی ہے اور تہران کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی جاتی تو ایران چند ہی ہفتوں میں ایٹمی طاقت بن سکتا تھا، جس سے مشرق وسطیٰ اور اسرائیل کے لیے سنگین خطرات پیدا ہو سکتے تھے۔انہوں نے B-2 Spirit کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات نے خطے میں توازن برقرار رکھنے میں کردار ادا کیا۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس وقت امریکہ اپنی تاریخ کے ایک مضبوط اور “سنہرے دور” سے گزر رہا ہے۔