اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک، آندھی اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ کے مطابق آج بیشتر علاقوں میں آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں خیبرپختونخوا، جنوبی و وسطی پنجاب، بلوچستان کے شمالی و مشرقی حصے، کشمیر اور سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، میانوالی، بہاولپور، ڈی جی خان اور دیگر اضلاع میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات، مردان، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے کچھ علاقوں جیسے ژوب، خضدار، لورالائی اور ڈیرہ بگٹی میں گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے کچھ شہروں سکھر، لاڑکانہ، سانگھڑ، خیرپور اور دیگر مقامات پر بھی تیز ہوائیں اور بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کی پیش گوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔