غزہ: اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ روز غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ہونے والے ایک دھماکے میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ ایک سرنگ کے دہانے پر ہفتے کے روز ہوا، جس میں ایک کیپٹن اور ایک اہلکار ہلاک ہوئے، دونوں فوج کے ایلیٹ "یہالوم" انجینیئرنگ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور گولانی بریگیڈ کے ماتحت کام کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق، یہ اہلکار ایک عمارت کے اندر سرنگ کے داخلی راستے کا معائنہ کر رہے تھے کہ دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ اس دھماکے کے بعد، غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 416 ہو گئی ہے۔ اسی دوران، شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کے یروشلم بریگیڈ سے تعلق رکھنے والے ایک ریزرو فوجی کے زخمی ہونے کا بھی واقعہ پیش آیا، تاہم اس واقعے کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئیں۔
ایک اور دھماکے میں، غزہ شہر کے مشرق میں اسرائیلی فوجی کیمپ میں ٹینک کے گولے کے پھٹنے سے 401 آرمرڈ بریگیڈ کے دو اہلکار زخمی ہو گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکا ٹینک کے گولے کے وقت سے پہلے پھٹنے کے باعث ہوا۔