سندھ اور بلوچستان میں تیز ہواؤں، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

12:12 AM, 5 May, 2025

کراچی : کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران گرج چمک، تیز آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

ادارے کے مطابق پیر اور منگل کے روز کراچی کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں گہرے بادل چھا سکتے ہیں، جن کے باعث ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آندھی کے دوران بل بورڈز، درختوں اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

ادارے کا مزید کہنا ہے کہ 9 اور 10 مئی کے دوران بھی شہر قائد میں بارش کے امکانات برقرار رہیں گے۔


رپورٹ کے مطابق حیدرآباد، ٹھٹہ، جامشورو، ٹنڈو الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، نواب شاہ، سیہون، سانگھڑ، بدین، میرپور خاص، گولارچی، مٹھی اور اسلام کوٹ سمیت دیگر اضلاع میں آئندہ پانچ روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
جبکہ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، روہڑی، شہداد کوٹ، دادو اور مورو میں آندھی اور ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔


دوسری جانب شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کے باعث باغات اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
کوہلو، مسلم باغ، کان مہترزئی اور قمرالدین کے علاقوں میں بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، جبکہ قلعہ سیف اللہ کے نواحی علاقوں میں فصلیں تباہ ہو گئیں۔

محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ چند روز محتاط رہیں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کے لیے متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

مزیدخبریں