باکو :آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی حدود سے اپنی سرزمین پر ہونے والے ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے اور انسانی جانیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، ایران سے داغے گئے متعدد ڈرونز آذربائیجان کی حدود میں داخل ہوئے۔ایک ڈرون نخجوان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ سے ٹکرا گیا، جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔ دوسرا ڈرون شکارآباد گاؤں سکول کے قریب گرا۔
ان حملوں کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آذربائیجان کی وزارتِ خارجہ نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے باکو میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کر لیا۔ حکام نے سفیر کے ذریعے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ ان حملوں کی فوری اور جامع وضاحت پیش کی جائے۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آذربائیجان اپنی علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے "مناسب ردعمل" دینے کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ابھی تک ایران کی جانب سے ان واقعات پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایران سے داغے گئے ڈرونز کا آذربائیجان پر حملہ: نخجوان ایئرپورٹ کو نقصان، دو شہری زخمی
04:25 PM, 5 Mar, 2026