پنجاب حکومت نے اب تک 30 لاکھ افراد کو رمضان نگہبان پروگرام کے تحت امدادی رقم منتقل کی ، عظمیٰ بخاری

01:10 PM, 5 Mar, 2026

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رمضان کے آدھے مہینے گزر جانے کے باوجود خیبرپختونخوا حکومت نے ابھی تک رمضان پیکج کی تقسیم شروع نہیں کی۔ ان کے مطابق پنجاب حکومت نے اب تک 30 لاکھ افراد کو رمضان نگہبان پروگرام کے تحت امدادی رقم منتقل کی ہے اور آئندہ چند دنوں میں 40 لاکھ افراد تک امداد پہنچانے کا منصوبہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز کے دسترخوانوں کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد افطاری کر رہے ہیں اور صوبے میں مستحقین کی مدد کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ لیکن خیبرپختونخوا حکومت نے ابھی تک اپنے قومی اور صوبائی ارکان سے فہرستیں طلب کر رکھی ہیں اور عملی طور پر رمضان پیکج کی تقسیم کا عمل شروع نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر سال کی طرح اس سال بھی خیبرپختونخوا میں رمضان پیکج کے نام پر 10 ارب روپے پارٹی کارکنوں میں تقسیم کرے گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مزمل اسلم اور سہیل آفریدی کو بھی یہ نہیں پتا کہ ان کی حکومت نے رمضان پیکج کی تقسیم کا آغاز کیا ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی توجہ صرف ایک فرد کی طرف مرکوز ہے، اور گزشتہ 12 سالوں سے صوبے کو ایسے لوگوں کے حوالے کیا گیا ہے جو عوامی مسائل سے بے پرواہ ہیں۔

مزیدخبریں