مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر، ہزاروں پروازیں منسوخ

11:48 AM, 5 Mar, 2026

کراچی :مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے نتیجے میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور گزشتہ پانچ دنوں میں 8 ممالک میں منسوخ ہونے والی پروازیں 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔

پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں مسلسل چھٹے دن بھی متاثر رہیں، اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12، اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12، فیصل آباد سے 6 اور کوئٹہ سے 2 پروازیں منسوخ ہوئیں۔

خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے لیے دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے 167 خصوصی پروازیں چلائی گئیں۔ ریاض اور دمام کے ائیرپورٹس بھی متاثر ہوئے، جہاں 57 پروازیں منسوخ اور 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت کئی خطے کے ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن متاثر رہا، جبکہ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ دنوں میں ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہو سکی۔

فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران میں 240، عراق میں 215، بیروت میں 58، حیفا میں 25 اور تل ابیب میں 380 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جو خطے میں جاری جنگ کے فضائی آپریشن پر گہرے اثرات کو ظاہر کرتی ہیں۔

مزیدخبریں