بحر ہند میں امریکی حملے میں ایرانی جنگی جہاز تباہ، 87 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

10:19 AM, 5 Mar, 2026

کولمبو: بحر ہند میں امریکی آبدوز نے ایرانی بحریہ کے جنگی جہاز آئی آر آئی ایس دینا کو ٹارپیڈو سے نشانہ بنا کر ڈبو دیا۔ جہاز پر 180 افراد سوار تھے جن میں سے 87 ہلاک اور 32 زخمی ہوئے، جنہیں سری لنکن حکام نے ہسپتال منتقل کیا۔ امریکی وزیر دفاع نے تصدیق کی کہ یہ حملہ بین الاقوامی پانیوں میں ہوا اور دوسری جنگ عظیم کے بعد ٹارپیڈو کے ذریعے دشمن جہاز کو تباہ کرنے کی پہلی کارروائی ہے۔

یہ واقعہ بھارت میں شدید تنقید کا سبب بن گیا ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے کہا کہ ایرانی جہاز کو بھارت نے مدعو کیا تھا اور سوال اٹھایا کہ کیا بھارت نے اپنے خطے میں اثر و رسوخ کھو دیا اور حالات واشنگٹن اور تل ابیب کے ہاتھوں میں چلے گئے؟ بھارتی تجزیہ کار بھی حکومت کی خارجہ پالیسی اور خطے میں کردار پر سوالات اٹھا رہے ہیں، اور خبردار کر رہے ہیں کہ اگر بھارتی سرزمین یا وسائل امریکی کارروائیوں میں استعمال ہوئے تو بھارت بھی جنگ میں شامل دکھائی دے سکتا ہے۔

حادثے کا شکار جہاز ایرانی ساختہ تھا اور نور و قدر اینٹی شپ میزائل، 76 ایم ایم فجر 27 نیول گن اور 30 ایم ایم ہتھیاروں سے لیس تھا۔ اس کی لمبائی تقریباً 95 میٹر اور وزن تقریباً 1500 ٹن ہے۔ 2022 سے 2023 کے دوران جہاز نے تقریباً 65 ہزار کلومیٹر کا عالمی بحری سفر مکمل کیا اور اسے ایرانی بحری طاقت کی علامت سمجھا جاتا رہا ہے۔

مزیدخبریں