مشرقِ وسطیٰ کی سیاست ہمیشہ طاقت، مفادات اور بیانیوں کے نازک امتزاج سے تشکیل پاتی رہی ہے۔ حالیہ دنوں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ نے اسی حساس خطے میں ایک نئی بحث کو جنم دیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکا نے ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی سے قبل اسرائیل اور سعودی عرب سے مشاورت کی اور یہ فیصلہ مبینہ طور پر ہفتوں پر محیط سفارتی رابطوں اور لابنگ کے بعد کیا گیا، تاہم واشنگٹن میں قائم سعودی سفارتخانے نے اس خبر کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا۔ یہ تضاد محض ایک خبر کی تردید نہیں بلکہ اس وسیع تر سفارتی منظرنامے کی عکاسی ہے جہاں تاثر بھی طاقت کی ایک شکل اختیار کر چکا ہے۔
رپورٹ میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے یہ مؤقف پیش کیا گیا کہ ایران کے خلاف سخت پالیسی ایسے وقت اپنائی گئی جب علاقائی اتحادیوں کی تشویش عروج پر تھی۔ نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی اس خبر نے یہ تاثر دیا کہ سعودی عرب اور اسرائیل ایران کے خلاف سخت مؤقف پر زور دے رہے تھے۔ بظاہر یہ بیانیہ اس روایتی مفروضے کو تقویت دیتا ہے کہ خلیجی ریاستیں ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے پیش نظر واشنگٹن پر دباؤ ڈالتی رہی ہیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ علاقائی حقائق اس مفروضے کی تائید کرتے ہیں؟ گزشتہ چند برسوں میں ریاض کی سفارتی حکمت عملی میں واضح تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی ہو یا یمن تنازع میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، سعودی عرب نے عسکری محاذ آرائی کے بجائے سفارتی توازن کو ترجیح دی ہے۔ داخلی سطح پر وژن 2030، معاشی تنوع اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ جیسے اہداف اس بات کے متقاضی ہیں کہ خطے میں استحکام قائم رہے۔ جنگی کشیدگی نہ صرف معاشی منصوبہ بندی کو متاثر کرتی ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔
اسی تناظر میں سعودی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے رپورٹ کی تردید کو محض رسمی بیان نہیں سمجھا جا سکتا بلکہ یہ دراصل ایک واضح پالیسی مؤقف کی توثیق ہے۔ سعودی عرب یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کے بجائے اسے کم کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔ اگر ریاض واقعی کسی عسکری اقدام کا داعی ہوتا تو وہ کھل کر ایران مخالف اتحاد کی قیادت کرتا، مگر اس کے حالیہ سفارتی اقدامات اس کے برعکس تصویر پیش کرتے ہیں۔دوسری جانب، امریکی میڈیا کی رپورٹس اکثر پالیسی سازی کے اندرونی پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہیں، مگر نامعلوم ذرائع پر انحصار ہمیشہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔ کیا یہ معلومات واقعی ریاستی پالیسی کا درست عکس ہوتی ہیں یا مخصوص حلقوں کی سوچ کا اظہار بن کر انتشار پیدا کرسکتی ہیں؟ بین الاقوامی تعلقات میں بعض اوقات ’’تاثر‘‘ خود ایک حکمتِ عملی بن جاتا ہے۔ ایران کو دباؤ میں رکھنے کے لیے یہ تاثر پیدا کرنا کہ علاقائی اتحادی امریکا کے ساتھ کھڑے ہیں، واشنگٹن کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ تاہم یہی تاثر سعودی عرب جیسے ملک کے لیے سفارتی پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے، جو بیک وقت امریکا کا اتحادی بھی ہے اور ایران کے ساتھ بحال شدہ تعلقات کا فریق بھی ہے۔
یہ معاملہ ایک اور اہم پہلو کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے کہ جدید سفارتکاری میں بیانیے کی جنگ، میڈیا رپورٹس، سوشل میڈیا بیانات اور سرکاری وضاحتیں مل کر ایسی فضا تشکیل دیتے ہیں جہاں حقیقت تک رسائی مشکل ہو جاتی ہے۔ اس ماحول میں ریاستوں کو نہ صرف اپنی پالیسیوں بلکہ اپنے تاثر کا بھی دفاع کرنا پڑتا ہے۔ سعودی سفارتخانے کا بروقت ردعمل اسی تاثر کی جنگ کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے۔ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کوئی نئی بات نہیں۔
بعض حلقے اس رپورٹ کو خطے میں مسلم ممالک کے درمیان بداعتمادی کو ہوا دینے کی کوشش بھی قرار دیتے ہیں۔ ان کے نزدیک ایک اسلامی ملک پر ممکنہ جارحیت کا تاثر دوسرے اسلامی ملک کے کھاتے میں ڈال دینا تقسیم کو بڑھا سکتا ہے۔ اگرچہ اس دعوے کی تصدیق یا تردید کے لیے ٹھوس شواہد درکار ہیں، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بیانیے اکثر زمینی حقائق سے زیادہ اثرانداز ہوتے ہیں۔یہ بھی قابلِ غور ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے تعلقات تاریخی اور سٹرٹیجک نوعیت کے ہیں اور خطے میں ایران کا کردار ایک مستقل بحث کا موضوع رہا ہے۔ ایسے میں کسی بھی پالیسی فیصلے کو صرف ایک یا دو علاقائی فریقوں کی خواہش کا نتیجہ قرار دینا پیچیدہ حقائق کو سادہ بنانے کے مترادف ہو سکتا ہے۔ خارجہ پالیسی کے فیصلے عموماً داخلی سیاسی عوامل، انٹیلی جنس جائزوں، عالمی اتحادوں اور معاشی مفادات کے مجموعے سے جنم لیتے ہیں۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی میڈیا میں کہیں زیر بحث نہیں آیا کہ اس حملے کے بارے میں انٹرنیشنل لا اور اقوام متحدہ کا چارٹر کیا کہتا ہے، اس نے ایران کے ایک سکول میں ماری جانے والی معصوم بچیوں کو بھی مکمل نظر انداز کیا ہے۔۔آخرکار اس پورے معاملے سے جو تصویر ابھرتی ہے وہ یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ کی سیاست اب محض عسکری اتحادوں تک محدود نہیں رہی بلکہ سفارتی توازن، معاشی ترجیحات اور عالمی شراکت داریوں کے پیچیدہ امتزاج کا نام ہے۔ سعودی عرب کی تردید اس امر کی علامت ہے کہ وہ خود کو کسی ممکنہ عسکری محاذ آرائی کا محرک نہیں بلکہ سفارتی حل کا حامی ثابت کرنا چاہتا ہے۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کی رپورٹیں ظاہر کرتی ہیں کہ عالمی طاقتوں کے فیصلوں کے پس منظر میں علاقائی عوامل کو ہمیشہ زیرِ بحث رکھا جاتا ہے، چاہے ان کی نوعیت کتنی ہی مبہم کیوں نہ ہو۔
خطے میں پائیدار امن کا راستہ الزام تراشی یا خفیہ لابنگ کے بیانیوں سے نہیں بلکہ شفاف سفارتکاری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور باہمی اعتماد سے ہموار ہو سکتا ہے۔ اگر ریاض اپنے اعلان کردہ مؤقف پر قائم رہتا ہے اور واشنگٹن بھی سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے تو یہ مشرقِ وسطیٰ کے لیے مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔ بصورتِ دیگر، بیانیوں کی یہ کشمکش ایک نئے عدم استحکام کو جنم دے سکتی ہے اور اس کا خمیازہ پورا خطہ بھگت سکتا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ اور ریاض کی تردید
09:07 AM, 5 Mar, 2026