چیمپئنز ٹرافی 2025: نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

10:30 PM, 5 Mar, 2025

لاہور: نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ اب نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھارت سے ٹائٹل کے لیے ہوگا۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 363 رنز کا بڑا ہدف جنوبی افریقہ کے سامنے رکھا۔ رچن روندرا اور کین ولیمسن کی شاندار سنچریوں نے نیوزی لینڈ کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔ روندرا نے 108 اور ولیمسن نے 102 رنز بنائے، جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل مچل نے تیز رفتار اننگز کھیل کر بالترتیب 49، 49 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے لونگی نگیڈی نے 3 اور کاگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کا بڑا ہدف تعاقب کرنا مشکل ثابت ہوا۔ اننگز کے آغاز میں ہی ریان ریکلٹن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ٹیمبا باوما اور وینڈر ڈوسن نے 95 رنز کی شراکت داری قائم کی، لیکن دونوں کھلاڑی 56 اور 69 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ ڈیوڈ ملر نے آخری اوورز میں سنچری مکمل کی، لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز تک محدود رہی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3، گلین فلپس اور میٹ ہینری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ رچن روندرا کو ان کی شاندار بیٹنگ کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں