واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے پہلے خطاب میں امریکہ کے ٹیکس پالیسی پر بڑا اعلان کرتے ہوئے امریکہ پر ٹیکس لگانے والے ممالک پر جوابی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا، "امریکہ دوبارہ میدان میں آ گیا ہے" اور گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں وہ اتنا کام کر چکے ہیں جتنا دوسرے چار سالوں میں نہیں ہو سکا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا، "ہم نے ابھی کام شروع کیا ہے، امریکہ اپنے ماضی کے مومینٹم پر واپس آ چکا ہے اور ہمارے سنہری دور کا آغاز ہو چکا ہے۔" انہوں نے غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ "ہم امریکہ کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔" ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کی قیادت میں امریکہ کی معیشت کی بحالی میں بہتری آئی ہے اور امن و امان کی صورتحال میں بھی فرق آیا ہے۔ "
ٹرمپ نے 2 اپریل سے ایسے ممالک پر جوابی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جو امریکہ پر ٹیکس لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "اگر آپ امریکہ میں مصنوعات نہیں تیار کریں گے تو ہمیں آپ پر ٹیرف عائد کرنا پڑے گا۔" غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، "ہم امریکہ کی سرحدوں کو بند کر رہے ہیں اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔"
صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں ایک 15 سالہ کینسر کے مریض لڑکے کو اعزازی سیکرٹ ایجنٹ بنانے کا بھی اعلان کیا۔