لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ پورا کرنے کے لیے حکومتی ٹیم پوری لگن سے کام کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں تین مرلہ فری پلاٹ سکیم کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے ڈی جی نے سکیم کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔
مریم نواز شریف نے پھاٹا کو مارچ تک اس منصوبے کے تمام اہداف مکمل کرنے کی ہدایت کی اور فری پلاٹ حاصل کرنے والوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرض دینے کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بات کی۔
انہوں نے پنجاب کے 19 اضلاع میں پھاٹا کی 23 سابقہ ہاؤسنگ سکیموں کی بحالی کے لیے ضروری فنڈز جاری کرنے کی ہدایات دیں تاکہ ان منصوبوں کی ترقی میں مزید تیزی لائی جا سکے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت قرضوں کی واپسی کی شرح 100 فیصد ہے، اور 9661 گھر زیر تکمیل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گھر افراد کے لیے چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ان کی خوشی اس وقت ہوتی ہے جب اس پروگرام کے تحت لوگوں کو اپنے گھروں کی تکمیل نظر آتی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے کے لیے حکومت اپنے وعدے پر قائم ہے۔