پشاور: پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے ماحولیاتی تحفظ اور ممکنہ آتشزدگی کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں جھاڑیوں، گھاس اور زرعی باقیات کو جلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور خشک موسم کے باعث آگ لگنے کے واقعات کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے، جس کے پیش نظر یہ اقدام فوری اور ضروری قرار دیا گیا ہے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے افراد کھلے عام آگ جلانے سے اجتناب کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں دفعہ 144 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول کے تحفظ اور جنگلات کی حفاظت کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کریں اور کسی بھی غیر محتاط یا خطرناک عمل سے گریز کریں۔