کیلیفورنیا: میٹا نے اپنی انسٹاگرام پلس سبسکرپشن سروس کو عالمی سطح پر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت صارفین کو مفت ورژن کے مقابلے میں اضافی سہولیات اور جدید فیچرز تک رسائی حاصل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق یہ ایک اختیاری سبسکرپشن سروس ہے، جس کا مقصد صارفین کو زیادہ کنٹرول، بہتر پرسنلائزیشن اور تخلیقی ٹولز فراہم کرنا ہے۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ انسٹاگرام کا بنیادی ورژن تمام صارفین کے لیے پہلے کی طرح مفت ہی رہے گا۔
میٹا کا کہنا ہے کہ یہ نئی سروس ان افراد کے لیے تیار کی گئی ہے جو اپنے تجربے کو زیادہ ذاتی نوعیت دینا چاہتے ہیں اور پلیٹ فارم پر موجود مواد کو بہتر انداز میں منظم اور تخلیق کرنا چاہتے ہیں۔
انسٹاگرام پلس کے تحت صارفین کو متعدد نئی خصوصیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں اسٹوریز کی دستیابی 24 گھنٹوں سے بڑھا کر 48 گھنٹے تک کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹوری اسپاٹ لائٹ کے ذریعے دوستوں کی پوسٹس کو زیادہ نمایاں انداز میں دیکھا جا سکے گا۔
نئے فیچرز میں انیمیٹڈ ری ایکشنز، جدید اینالیٹکس ٹولز اور بہتر ویوئنگ آپشنز بھی شامل ہیں۔ ایک اور اہم فیچر کے تحت صارفین اسٹوریز کو اس انداز میں دیکھ سکیں گے کہ ان کے دیکھنے کا دوسرے صارفین کو علم نہیں ہوگا۔
کمپنی کے مطابق انسٹاگرام پلس کی ابتدائی آزمائش مئی 2026 میں شروع کی گئی تھی، جس کے بعد اب اسے عالمی سطح پر تمام صارفین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔