ٹرمپ انتظامیہ کا پاکستان پر بڑا اعتماد: امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے اسلام آباد مرکزی ثالث بن گیا

01:35 PM, 5 Jun, 2026

واشنگٹن/اسلام آباد:خارجہ امور کے محاذ پر پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں ملک نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک انتہائی بااعتماد اور اہم سفارتی شراکت دار کے طور پر ابھرا ہے۔ معتبر عالمی جریدے "ووکس" نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اس وقت امریکہ اور ایران کے مابین جاری سنگین تنازع کو ٹالنے کے لیے ایک مرکزی اور کلیدی ثالث (مڈل مین) کا کردار ادا کر رہا ہے۔

جریدے کے مطابق، خطے کو ایک بڑے ممکنہ تصادم سے بچانے کے لیے اس انتہائی اہم اور حساس سفارتی محاذ کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خود کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کی مربوط سفارتی کوششوں کے باعث واشنگٹن اور تہران کے مابین بیک چینل رابطے قائم کرنے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

سیاسی و سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی آمد کے ساتھ ہی امریکہ کا ایران جیسے پیچیدہ معاملے پر پاکستان کی سفارت کاری پر انحصار کرنا اسلام آباد کی سٹریٹجک اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس مشترکہ حکمتِ عملی نے عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی وقار کو بلند کیا ہے، جس سے پاک امریکہ تعلقات اب ایک نئے، پائیدار اور وسیع تر سٹریٹجک دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں