اسلام آباد میں بڑی سیاسی و انتظامی تبدیلیوں کا ماسٹر پلان تیار، 27 رکنی اسمبلی قائم کرنے کی تجویز

11:25 AM, 5 Jun, 2026


اسلام آباد :وفاقی دارالحکومت کے روایتی انتظامی ڈھانچے کو بدلنے کے لیے ایک بڑے اور دور رس منصوبے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جس کے تحت اسلام آباد میں ایک بااختیار، منتخب علاقائی حکومت قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تیار کردہ نئے پلان میں سفارش کی گئی ہے کہ اسلام آباد کے لیے خصوصی طور پر ایک 27 رکنی اسمبلی تشکیل دی جائے۔ یہ منتخب ایوان اپنے سیاسی و انتظامی سربراہ کا انتخاب خود کرے گا، جس کا حتمی عہدہ 'وزیراعلیٰ' یا 'میئر' تجویز کیا گیا ہے۔
مجوزہ فارمولے کے تحت دارالحکومت کی سیکیورٹی کی حساسیت اور وفاقی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے امن و امان اور شہر کی ماسٹر پلاننگ کے کلیدی اختیارات وفاق ہی کے پاس محفوظ رہیں گے۔ تاہم، ان دو محکموں کے علاوہ دیگر تمام بلدیاتی، ترقیاتی اور عوامی نوعیت کے اختیارات مکمل طور پر نئی منتخب مقامی حکومت کو منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

سیاسی و انتظامی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے اسلام آباد میں بیوروکریسی کے یکطرفہ کنٹرول کا خاتمہ ہوگا اور شہری امور براہِ راست عوامی نمائندوں کے تابع ہو جائیں گے، جو وفاقی دارالحکومت کی تاریخ میں ایک بڑا سیاسی یو-ٹرن ثابت ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں