اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں سے متعلق دو الگ فیصلے جاری کرتے ہوئے ایک جانب فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمت بڑھا دی جبکہ دوسری جانب سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو ریلیف فراہم کر دیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اپریل کے فیول لاگت کے فرق کی بنیاد پر بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 19 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق بیشتر بجلی صارفین پر ہوگا اور اضافی رقم جون کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔
ریگولیٹری اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ لائف لائن صارفین، پری پیڈ میٹرز استعمال کرنے والے صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس اضافے سے مستثنیٰ رہیں گے۔
دوسری طرف نیپرا نے مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 98 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے، جس کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اس ریلیف کے نتیجے میں صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچے گا۔ نرخوں میں یہ کمی جون، جولائی اور اگست کے بجلی بلوں میں شامل کی جائے گی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ لائف لائن کیٹیگری، انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کے صارفین اور پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے افراد اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔