اے ایمان والو، اللہ سے ڈرو، تقویٰ اختیار کرو، تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے ، خطبہ حج

02:50 PM, 5 Jun, 2025

مکہ مکرمہ : آج مکہ مکرمہ میں حج کا آغاز ہو گیا ہے، اور دنیا بھر سے آئے لاکھوں مسلمان میدان عرفات میں جمع ہیں۔ لبیک اللہم لبیک کی پرکیف صداؤں کے ساتھ حج کے سب سے اہم دن کا آغاز ہوا ہے۔

اس مبارک موقع پر مسجد الحرام کے امام شیخ صالح بن حمید خطبہ حج دے رہے ہیں۔ یہ خطبہ دنیا بھر کے حجاج کے لیے اردو، انگریزی سمیت 35 زبانوں میں ترجمے کے ساتھ براہِ راست نشر کیا جا رہا ہے تاکہ ہر مسلمان اس پیغام کو سمجھ سکے۔

میدان عرفات کا منظر نہایت روحانی ہے۔ ہر طرف دعائیں، توبہ، آنسو اور اللہ کے حضور جھکے دل نظر آ رہے ہیں۔ عازمین حج اپنے رب کے سامنے گڑگڑا رہے ہیں اور امت مسلمہ کی بھلائی، امن اور مغفرت کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں۔

 مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام مسجد الحرام شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم شیطان سے دور رہیں کیونکہ وہ ہمارا دشمن ہے۔ ہمیں نیکی کرنی چاہیے اور برائی سے بچنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ تقویٰ یعنی اللہ سے خوف اور اس کی رضا حاصل کرنا ایمان والوں کی شان ہے اور یہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا راز ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اللہ کو دیکھ رہے ہو، یا کم از کم یہ یقین رکھو کہ اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔

امام صاحب نے کہا کہ دشمن کو معاف کرنا بھی نیکی ہے اور نیک عمل برے عمل کو ختم کر دیتے ہیں، اس لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ نیکیوں کی کوشش کرنی چاہیے۔ نماز کو قائم رکھنا ضروری ہے کیونکہ یہ اللہ اور بندے کے درمیان تعلق کو مضبوط کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنے دل کے اندر کے بیمار خیالات اور برائیوں سے بچنا چاہیے کیونکہ یہ روحانی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ رمضان کے روزے بھی دل کو پاک کرتے ہیں اور اللہ کے قریب لے جاتے ہیں۔

امام نے کہا کہ ہمیں اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں، بات کرتے ہوئے اچھی زبان استعمال کرنی چاہیے، صبر کرنا چاہیے کیونکہ اللہ صبر کرنے والوں کو بہترین اجر دیتا ہے، اور شکر گزار ہونا چاہیے کیونکہ اللہ شکر کرنے والوں کو زیادہ نعمتیں دیتا ہے۔

مزیدخبریں